نیویارک4جون(آئی این ایس انڈیا)معروف امریکی باکسنگ لیجنڈ اور باکسنگ کے سابق ہیوی ویٹ چمپئن محمد علی انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 74برس تھی۔ اُنھیں گزشتہ تین دہائیوں سے پارکنسس ’’رعشہ‘‘کا مرض لاحق تھا۔ محمد علی 1981میں باکسنگ سے ریٹائرڈ ہو گئے تھے۔رواں ہفتے سانس کی تکلیف کے باعث انھیں امریکہ کے ایک اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کے ترجمان باب گونیل نے بتایا تھا کہ محمد علی کی حالت بہتر ہے۔ تاہم ہفتہ کو علی الصبح ان کے خاندان کی طرف سے جاری بیان میں محمد علی کی وفات کی تصدیق کی گئی۔اپنی اس بیماری کے باوجود وہ مسلسل تقاریب میں شرکت کر رہے لیکن کئی سالوں سے کسی پبلک مقام پر اُنھوں نے بات نہیں کی۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ پارکنسس کی ممکنہ وجہ دنیا میں باکسنگ کے مقابلوں میں محمد علی کو لگنے والے ہزاروں مکے یعنی پنچز تھے۔محمد علی کلے امریکی ریاست کنٹکی کے شہر لوئسویل میں ایک عیسائی گھر میں پیدا ہوئے اور اپنے والد کیسیئس مارسیلس کلے سینئر کے نام پر کیسیئس مارسیلس کلے جونیئر کہلائے۔ محمد علی کلے کو اس وقت شہرت حاصل ہوئی جب انہوں نے 1960میں روم میں ہونے والے اولمپِک مقابلوں میں سونے کا تمغا جیتا لیکن جب وہ اپنے شہر واپس آئے تو انہیں سیاہ فام ہونے کی وجہ سے نوکری نہیں مل سکی، جس سے دلبرداشتہ ہوکر انہوں نے اپنا تمغا دریا میں پھینک دیا تھا۔ اپنے ساتھ روا رکھے گئے برتاؤ کے باوجود باکسنگ رنگ میں ان کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ویت نام کی جنگ کے دوران محمد علی نے امریکی فوج میں شامل ہونے کے عہد نامے پر دستخط کرنے سے انکار کردیا جس کے نتیجے میں انہیں ان کے اعزاز سے محروم کردیا گیا اور 5سال کی سزا سنائی گئی تاہم عوامی احتجاج کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں سزا سے مستثنٰی قرار دیا گیا۔
میں محمد علی کلے نے جارج فورمین کو شکست دے کر ایک بار پھر اپنا کھویا ہوا وقار اور شہرت حاصل کرلی۔ اس وقت محمد علی کی عمر صرف 32سال تھی اور وہ اس عالمی چمپئن کا اعزاز پھر سے جیتنے والے دوسرے شخص تھے۔ 1975میں وہ دائرہ اسلام میں داخل ہوئے اور اپنا نام محمد علی کلے رکھا۔ 1978میں محمد علی کو اس وقت برا دھچکہ لگا جب وہ خود سے 12برس ک عمر لیون اسپِنکس سے ہار گئے لیکن 8ماہ بعد محمد علی نے اسپِنکس کو شکست دے کر ایک بار پھر اپنا کھویا ہوا اعزاز دوبارہ حاصل کرلیا تاریخ میں پہلی بار کسی کھلاڑی نے تیسری بار عالمی اعزاز جیتا۔ اس وقت ان کی عمر 36سال تھی۔محمد علی اس سے قبل بھی کئی مرتبہ علاج کے لیے اسپتال میں داخل کروایا جا چکا تھا، آخری مرتبہ اُنھیں 2015ء میں نمونیا کے باعث اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔محمد علی کے اسپتال میں داخلے کی خبر کے بعد بہت سی معروف شخصیات اور دیگر افراد کی طرف سے سابق باکسنگ چیمپئین کی جلد صحت یابی کے پیغامات بھیجے گئے۔